موڈ بیدری، 24؍مارچ (ایس او نیوز) پرانی رقابت کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کی ایک ٹولی نے کار میں سفر کر رہے افراد پر تلواروں سے قاتلانہ حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 3 لوگ شدید زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے مگر ان کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
اس جان لیوا حملہ میں جو تین افراد زخمی ہوئے ہیں ان کے نام شبیر، محمد انصار اور اسماعیل بتائے گئے ہیں جبکہ حملہ آوروں کی شناخت شاہول، فاروق، عمران، جلیل اور شفیع کے طور پر کی گئی ہے۔ حملہ آور جرائم پیشہ ٹولی کو شبہ تھا کہ شبیر، انصار اور اسماعیل پولیس کے لئے مخبری کر رہے ہیں۔ جب انصار اپنے سسر شبیر اور چچا اسماعیل کے ساتھ ایک کار میں سفر کر رہا تھا تو ایک پِک اَپ وین اور رٹز کار میں سوار ہوکر آنے والے حملہ آوروں نے راستہ روک کر تلواروں اور دیگر ہلاکت خیز ہتھیاروں سے وار کرنا شروع کیا۔ اور تینوں کو بری طرح زخمی کرکے موقع پر سے فرار ہوگئے۔
معلوم ہوا ہے کہ جرائم پیشہ اس ٹولی کو انصار کے والد کے ساتھ پرانی دشمنی ہے۔ اس سے پہلے بھی وہ ان لوگوں پر حملہ کر چکے ہیں۔ اور اب دوبارہ یہ قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے۔
موڈ بیدری پولیس نے قتل کی کوشش کا کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے اور مفرور ملزمین کی گرفتاری کے لئے جال بچھایا ہے۔